لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک کتے نے کرسمس چاکلیٹ کوائنز کے 6بیگ کھا کر زندگی خطرے میں ڈال لی۔ میل آن لائن کے مطابق اس 6سالہ کتے کا نام ہگو ہے جو برطانوی شہر پلیمتھ کی رہائشی ایمی نامی خاتون کا ہے۔ ایمی گھر سے باہر تھی جب کتے نے اتنی مقدارمیں چاکلیٹ کھائی۔خاتون واپس آئی تو تمام چاکلیٹ غائب تھی اور کتے کی حالت تشویشناک ہو رہی تھی۔ایمی فوری طور پر ہگو کو جانوروں کے ہسپتال لے گئی جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر اس کی سرجری کرنی کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ چاکلیٹ کی زیادہ مقدار کے ساتھ ساتھ چاکلیٹ کوائنز کے اوپر لپٹے فوائلز کتے کے لیے ایک اضافی خطرہ بن رہے تھے اور سرجری ناگزیر ہو چکی تھی۔ اگر بروقت سرجری کرکے کتے کا معدہ صاف نہ کیا جاتا تو اس کی موت یقینی تھی۔ایمی کا کہنا ہے کہ ”کتے کی سرجری ایک معجزہ ہے۔ جب میں اسے ہسپتال لائی تو اس کی حالت اتنی تشویشناک تھی کہ مجھے لگ رہا تھا جیسے وہ نہیں بچ پائے گا۔ وہ خون کی الٹیاں کر رہا تھا اور اسے غشی کے دورے پڑ رہے تھے۔“ 

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں