بغیر اجازت عمرہ کرنے پر 10ہزار ریال جرمانہ ہو گا

سعودی وزارت داخلہ نے بغیر اجازت نامہ عمرہ ادا کرنے والوں پر 10ہزار ریال جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ مسجد الحرام میں لوگوں کا رش روکنے اور کورونا پابندیوں کو موثر بنانے کیلئے یہ اعلان کیا گیا ہے،یہ اعلامیہ عالمی وباکے خاتمے تک موثررہے گا۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق حکومت رمضان المبارک میں صرف ان لوگوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے گی جو کورونا ویکسین لگواچکے ہوں گے لہذا جن کو عمرہ ادا کرنے کے لیے حکومتی اجازت نامہ درکار ہےان کے لیے لازم ہے کہ وہ کورونا کی 2 ویکسین لازمی لگوائیں۔ سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صرف عمرہ نہیں بلکہ حرم شریف میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے لیے بھی اجازت نامہ درکار ہوگا۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں