10 روز سے لاپتہ دعا زہرہ لاہور سے مل گئی‘ جہاں لڑکی نے نکاح بھی کرلیا

کراچی سے لاپتہ لڑکی دعا زہرہ کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا ، 10 روز سے لاپتہ دعا زہرہ لاہور سے مل گئی‘ جہاں لڑکی نے نکاح بھی کرلیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دعا زہرہ نے لاہورسے ایک بیان بھی دیا ہے جس میں اس نے کہا کہ میں اپنی مرضی سے کراچی سے لاہور آئی ۔ بتایا گیا گیا ہے کہ دعا زہرہ کو لاہور

پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے لاہور اور کراچی کی پولیس مسلسل رابطے میں ہے اور لڑکی کو جلد ہی لاہور سے کراچی منتقل کردیا جائے گا جب کہ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دعا زہرہ نے لاہور میں نکاح کر لیا ہے ، جس لڑکے سے نکاح کیا اس کا تعلق لاہور سے ہی ہے ۔

قبل ازیں دعا زہرہ کے والد نے بتایا تھا کہ پولیس کی جانب سے کسی اور لڑکی کی فوٹیج دکھا کر اسے دعا ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، غلط رپورٹ پر ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ، والد نے دعا زہرہ کے اغوا میں گلی کے ہی کسی فرد کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دعا کبھی اکیلے گھر سے باہر نہیں نکلی ،

جو کوئی بھی بچی کو لے گیا ہے خدا کے لیے زندہ سلامت واپس پہنچا دے۔
جب کہ آج ہی دعا کی والدہ کا ایک بیان بھی سوشل میڈیا پر آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں کئی دن سے سوئی نہیں ہوں ، کھانا بھی نہیں کھایا جاتا، میری دوسری بچیاں بھی پریشان ہیں اور بہن کی یاد میں روتی ہیں ، میں اس سے بہت پیار کرتی ہوں اور اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی ، دعا گھر آجاؤ اور اگر کوئی لے کر گیا ہے تو خدا کے واسطے ایک ماں کی بد دعا مت لو ، اسے گھر جانے دو، ماں باپ سے ملنے دو، ہم اس کے بغیر نہیں جی سکتے۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں