لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کے اجلاس میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کرنے کے فیصلے کیے گئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں بتایا گیاکہ لاہور میں پختہ سڑکوں کے 6 منصوبے 19 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت لاہورمیں4 ماڈل قبرستان بنانے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں ساہیوال کے علاقے ہڑپہ اور چیچہ وطنی میں واٹر سپلائی سکیموں کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے دورہ ساہیوال کے دوران دونوں منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ میانوالی میں نیا سٹیٹ آف دی آرٹ لاری اڈہ بنایا جائے گا۔

لاری اڈہ میانوالی میں سیوریج اور ڈرینج کا منصوبہ 13 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔میانوالی میں سیوریج، ٹف ٹائل اور پختہ سڑکوں سمیت متعدد منصوبو ں کی منظوری دی گئی۔ ضلع میانوالی میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 5 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔میانوالی شہر کیلئے 4 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دے دی گئی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منچن آباد کی اپ گریڈیشن کے لئے فنڈز کی منظوری دے دی ہےـ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ منچن آباد کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال 37 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا ـ

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں