سیاست میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوگا ‘ جو کہتے تھے تحریک عدم اعتماد ناکام ہے ، نا کام ہے ، نا کام ہے ‘ وہ اس کی کامیابی کے بعد اب نیا چورن بیچنے آگئے ۔ رانا ثناء اللہ کا شیخ رشید احمد پر طنزوزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جو کرنا ہے کرو ‘

الیکشن اپنے مقررہ وقت پہ ہوں گے ، جو قانون کو ہاتھ میں لے گا قانون اسے ہاتھ میں لے گا ۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہے، نا کام ہے، نا کام ہے، وہ اس کی کامیابی کے بعد اب نیا چورن بیچنے آگئے ہیں ، اگر آٹھ سال بعد عمران نیازی الیکشن کمیشن جا ہی رہے ہیں تو غیر قانونی فارن فنڈنگ، منی لانڈرنگ ، چندے کے پیسے کی لوٹ مار کا جواب دینا ہوگا۔


وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو تحریکِ عدم اعتماد میں بھی کوئی این آر او نہیں دیا گیا اور کرپشن میں بھی کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا ، سیاست میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوگا کیوں کہ غنڈے اور بدمعاش اب ملک پہ مسلط نہیں ہیں ، الیکشن اپنے مقررہ وقت پہ ہوں گے باقی جو کرنا ہے کرو۔خیال رہے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مئی سیاست میں ہنگامہ خیزمہینہ ہوگا ، پیٹرول پر سبسڈی ختم کرنے سے حکومت اپنی سیاسی قبر کھودے گی ، انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کا دباؤ ہے ، عمران خان روس سے 30 فیصد سستی گیس، پیٹرول اورگندم لینے جارہا تھا ، سامراجی سازش کےتحت عوام کوسستی گیس، پیٹرول اورگندم سے محروم کردیا گیا ۔



شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیٹرول پرسبسڈی ختم کرنے سے حکومت مخالف تحریک کو زبردست ایندھن فراہم ہوگا ، تحریک حکومت کوجلد ختم کردے گی ، استعفے لیے بھی جاسکتے ہیں اور دیئے بھی جاسکتے ہیں ، ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن ہے، جتنی جلدی ہوجائے اتنا ہی ملک کےلیے بہترہوگا ۔ گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ فوج عوام کی رائے کی قدر کرتی ہے اور جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی کیوں کہ حکومت سنبھالی نہیں جارہی ، یہ این آر او ٹو لینےآئے تھے ، اس امپورٹڈ حکومت کی فرار کی تیاریاں شروع ہوگئیں جس کے لیے ای سی ایل سے ڈیڑھ سو ملزموں کے نام نکال دیے گئے اور سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال دوبارہ سے شروع ہو چکا ہے، اس امپورٹڈ حکومت کی کوئی آئینی قانونی حیثیت نہیں ہے کیوں کہ یہ حکومت بیرونی سازش کے تحت چور دروازے سے بنی ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ

فوج عوام کی رائے کی قدر کرتی ہے اور جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی جب کہ سپریم کورٹ سے بھی جلد اچھی خبریں متوقع ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم یاد رکھے عمران خان کی اسلام آباد کے لیے کال دنیا کو حیران کر دے گی ، ایسا زناٹے کا رن پڑے گا کہ پاکستان کی سب سے کم عمر یہ موجودہ حکومت ہوگی کیوں کہ ملک کے حالات گمبھیر ، پریشان کن اور تشویش ناک ہوتے جا رہے ہیں ، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیے تھا انہیں اہم عہدوں پر تعینات کیا جا رہا ہے ، سامراج کے ایجنٹوں نے اپنے مفاد کے لیے گندی نالی کی اینٹوں کو تاج محل میں سجا دیا ، ملک کے لیے جن کی عزت کرنا لازم ہے وہ بھی سوالیہ نشان بنتے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں