اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان دور حکومت میں فرح خان کا بڑی کرپشن کے حوالے سے بار بار نام سامنے آرہا ہے، تازہ اطلاعات کے مطابق فرح اور ان کے شوہر کے پاس کئی لگژری گاڑیاں ہیں۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ کے مطابقسابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی انتہائی قریبی دوست فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے پاس دو انتہائی مہنگی پورشے سمیت 19 گاڑیاں ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق فرحت شہزادی عرف فرح خان کے نام پر 12 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جبکہ ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام پر بھی 7 گاڑیاں ہیں۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق فرح خان نے مہنگی ترین گاڑی پورشے بوکسٹر ایس 2013ء جبکہ پورشے کیین 2015ء میں خریدی، جس پر 11 لاکھ 80 ہزار روپے رجسٹڑیشن فیس وصول کی گئی۔سماء ٹی وی کے بیورو چیف لاہور نعیم حنیف کے مطابق فرح خان نے 2019ء میں بھی ایک پورشے کی بکنگ کیلئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے ادا کئے تھے تاہم رقم لینے کے بعد ڈیلر کے ملک سے باہر جانے کی وجہ سے گاڑی ڈیلیور نہیں کی گئی۔

ایکسائز ڈیپارمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق فرح خان نے 12 میں سے 6 ہیچ بیک گاڑیاں 2018ء سے 2022ء کے دوران خریدیں۔سماء ٹی وی کے تحقیقاتی یونٹ نے انکشاف کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سینیٹ کے کورننگ امیدوار کے طور پر 2021ء میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق فرح خان کی دولت میں عمران خان حکومت کے دوران چار گنا اضافہ ہوا۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں