وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اسمگلنگ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں انسداد اسمگلنگ سے متعلق سول آرمد فورسز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی، دیگر میں وفاقی وزراء محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور احد چیمہ بھی موجود تھے۔

اجلاس میں آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا اور بلوچستان، ڈی جیز رینجرز پنجاب اور سندھ، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے انسداد اسمگلنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اسمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کٹھن حالات اور چیلنجوں کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، آپ کی کوششوں سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، جنہیں قوم سلام پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں سول آرمڈ فورسز کو حکومت کی بھرپور حمایت حاصل رہے گی۔ شہباز شریف نے سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں