ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی

 

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بھارت نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔

بھارت کے 120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ سکور کرنے والے محمد رضوان نے 44 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جبکہ عماد وسیم نے 15 رنز بنائے، بابر اعظم، فخر زمان اور عثمان خان نے بالترتیب 13، 13 رنز بنائے، افتخار احمد نے 5 رنز اور شاداب خان نے 4 رنز بنائے، نسیم شاہ 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے جسپریت بمراہ نے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ پانڈیا نے 2 وکٹیں اور اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ نے 1 وکٹ حاصل کی۔

نیویارک کے ناسو کاؤنٹی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ بارش کی وجہ سے مختصر وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔

ویرات کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن تھوڑی لڑکھڑا گئی، کوہلی نے 4 رنز بنائے اور نسیم شاہ کی گیند پر 12 کے مجموعی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بھارت کی دوسری وکٹ 19 رنز پر گری جب کپتان روہت شرما 13 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔

تیسری وکٹ کا نقصان بھارت کو اکشر پٹیل کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 58 کے اسکور پر 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سوریا کمار یادو تھے جو 89 کے مجموعے پر حارث رؤف کی گیند پر 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں گروپ اے کے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں اعظم خان کی جگہ عماد وسیم کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔

قومی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، محمد عثمان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔

بھارت پاکستان کے خلاف وہی فاتح ٹیم میدان میں اتار رہا ہے جو آئرلینڈ کے خلاف کھیلی تھی۔

ہندوستانی ٹیم میں کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، رشبھ پنت، سوریا کمار یادیو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، اور محمد سراج شامل تھے۔

ٹاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ ماضی ماضی ہے، اور توجہ آج کے میچ پر ہے۔ بھارت کے خلاف میچ کے لیے کافی حوصلہ افزائی ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بولرز دفاع کر سکیں۔ یہاں دو یا تین میچ کھیل چکے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ یہاں کتنا سکور ہونا چاہیے۔

نیویارک میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث پہلے میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، میچ کا باقاعدہ آغاز بھی تاخیر سے ہوا۔

ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان بمقابلہ انڈیا میچز:
ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو امریکہ نے سپر اوور میں شکست دی تھی جبکہ بھارت نے آئرلینڈ کو آرام سے شکست دی تھی۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں